حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد پولیس نے مختلف کاروائیوں میں 2 منشیات ڈیلر سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا،پنیاری پولیس نے خفیہ انفارمیشن پر منشیات ڈیلر کی گرفتاری کیلیے پنجے شاہ درگاہ خالی پلاٹ نورانی بستی کے قریب چھاپا مار کارروائی کرتے ہوئے چرس اور شراب کی بوتلوں کی سپلائی ناکام بنادی، پنیاری پولیس کی کارروائی میں منشیات ڈیلر امیر بخش مہر کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار منشیات ڈیلر ابتدائی معلومات کے حیدرآباد شہر کے مختلف علاقوں پنیاری، پھلیلی، پریٹ آباد اور گردونواح میں منشیات کی سپلائی میں سرگرم معلوم ہوا،پنیاری پولیس کی کارروائی میں منشیات ڈیلر کے قبضے سے 2 کلو 500 گرام چرس اور 15 عدد شراب کی بوتلیں پولیس تحویل میں لے لی گئیں، بی سیکشن پولیس کی چھاپا مار کارروائیوں میں جواریوں سمیت 6 ملزمان گرفتار، مقدمات درج ،بی سیکشن پولیس کی کارروائیوں کے نتیجے میں جوا کھیلنے کا سامان، 22 عدد مختلف موٹر سائیکلیں اور شراب کی بوتلیں تحویل میں لے لی گئیں، بی سیکشن پولیس کو گوٹھ میجر باقر نزد بچاؤ بند یونٹ نمبر 10 لطیف آباد کے قریب جوا کھیلے جانے کی انفارمیشن موصول ہوئی جس پر پولیس کی جانب سے اس سماج دشمن عمل کو روکنے اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپہ مار کارروائی کی گئی، بی سیکشن پولیس نے مزید کارروائی کرتے ہوئے یونٹ نمبر 10 لطیف آباد چرچ والی گلی کے قریب سے منشیات فروشوں عظیم مغل اور عبدالوہاب خٹک کو شراب کی بوتلوں سمیت گرفتار کرلیا، گرفتار منشیات فروشوں کے قبضے سے 14 عدد شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں ۔
