English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لبنان میں زمینی کارروائی، الاقصٰی بریگیڈ کا کمانڈر بھی شہید 

  • ایک ہفتے تک بمباری کے ذریعے لبنان کے متعدد علاقوں کو تاراج کرنے کے بعد اسرائیلی فوج نے اب جنوبی لبنان کے سرحدی علاقوں میں محدود زمینی آپریشن شروع کیا ہے۔ اسرائیلی فوجی شمالی اسرائیل سے ملحق علاقوں میں واقع سرنگوں میں داخل ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے زمینی کارروائی شروع کرنے سے قبل اس علاقے کے شہریوں کو عربی زبان میں خبردار کیا کہ جلد از جلد وہاں سے نکل جائیں۔ اس علاقے میں حزب اللہ ملیشیا نے سرنگوں کا جال بچھا رکھا ہے۔ ان سرنگوں کے ذریعے اسلحہ اور دیگر اہم اشیا کی ترسیل بھی ہوتی ہے اور آمد و رفت کے لیے بھی یہ سرنگیں محفوظ سجھی جاتی رہی ہیں۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اس محدود آپریشن کا بنیادی مقصد شمالی اسرائیل کے باشندوں کو لاحق خطرات ختم کرنا ہے۔ حزب اللہ کا بنیادی ڈھانچا مکمل طور پر ختم کرنا اس زمینی کارروائی کا ایک بنیادی مقصد ہے۔ اس علاقے سے حزب اللہ شمالی اسرائیل کے باشندوں کو نشانہ بناتی رہی ہے۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے متعدد سرنگوں میں داخل ہوکر وہاں موجود اسلحہ اور دوسرا سامان ضبط کرلیا ہے۔ یاد رہے کہ جنوبی لبنان اور دیگر لبنانی علاقوں میں دو ہفتوں کے دوران ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے کئی علاقوں پر اندھا دھند بمباری کی ہے۔ ان حملوں میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اور کئی دوسرے اہم کمانڈر بھی مارے گئے ہیں۔

زمینی کارروائی کے دوران اسرائیلی فوجیوں کو توپ خانے اور فضائیہ کی بھرپور مدد حاصل ہے۔ جہاں ضروری ہوتا ہے وہاں بمباری کردی جاتی ہے۔ بعض مقامات پر گولا باری بھی کی گئی ہے۔

لبنان کی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بہت سوں کی حالت نازک ہے۔

منگل کی صبح اسرائیلی فوج نے لبنان میں فلسطینی تحریک فتح کی الاقصٰی مارٹرز بریگیڈ کے کمانڈر (برائے لبنان) منیر مقدح کو بھی شہید کردیا۔ منیر مقدح کو شہید کرنے کے لیے صیدون شہر کے نزدیک عین الہلوہ کے فلسطینی پناہ گزین کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے