حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پولیس کی مختلف کارروائیوںمیں خاتون منشیات فروش، گٹکا فروش سمیت 4ملزمان کو گرفتار کرکے 2کلو چرس اور سیکڑوں کلو مین پوری برآمدکرکے مقدمات درج کرلیے۔ تفصیلا ت کے مطابق بی سیکشن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لطیف آباد نمبر6کے ایک شادی کی تقریب سے خاتون منشیات سپلائر زینب عرف جمنا اوڈھ کو گرفتار کرلیا جبکہ ملزمہ کی ساتھی سکینہ اوڈھ موقع سے فرار ہوگئی ،گرفتار و مفرور سپلائرز کے قبضے سے 2 کلو سے زائد چرس پولیس تحویل میں لے لی گئی ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار خاتون منشیات سپلائر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں منشیات و مین پوری کی سپلائی میں سرگرم تھی خاتون منشیات سپلائر کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا گیا جس کے نتیجے ملزمہ منشیات و مین پوری سمیت دیگر 15 مقدمات میں ملوث و مطلوب تھی،پولیس نے مقدمات درج کرلیے۔ دوسری جانب پبن پولیس نے دوران پیٹرولنگ خفیہ اطلاع پر کارروائی کے نتیجے میں 3 سپلائرز محمد طاہر ملاح، محمد اسماعیل ملاح اور محمد ظفر ملاح کو گرفتار کرلیا ،ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے خود کو منظم مین پوری سپلائر گروہ سے ظاہر کرتے ہوئے مختلف اضلاع میں خام مال و تیار شدہ مین پوری کی سپلائی کے انکشافات کیے ، پبن پولیس کی کارروائی میں برآمد ٹرک سے کئی سو کلو خام مال کے کٹے اور بھاری مقدار میں تیار شدہ مین پوری برآمد ہوئی،پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
