اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملائیشین وزیراعظم پاکستان میں موجود ہیں، پی ٹی آئی اپنا احتجاج ملتوی کرے۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ کسی ملک کا وزیراعظم ہمارے ہاں مہمان ہو اور آپ کہیں کہ ہم دارالحکومت پر دھاوا بولنے لگے ہیں تو یہ درست نہیں۔شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس بھی پاکستان ہی میں ہونے جا رہا ہے، ایسی صورت حال میں کسی جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملائیشین وزیراعظم کے پروٹوکول میں کوئی کمی نہیں آنے دے گی۔ اس کے لیے کسی بھی طرح کے جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایک ملک کا وزیراعظم ہمارے ہاں مہمان ہو اور آپ دارالحکومت پر دھاوا بول کر کس کے مفاد کے لیے کام کررہے ہیں؟ ماضی میں بھارتی وزیراعظم کی لاہور موجودگی کے وقت بھی ایک چھوٹا سا واقعہ آج تک ہمیں خراب کررہا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کل کوئی بھی ڈی چوک آنے کی بات کرے تو جو بھی ہاتھ چڑھے گا،ا س کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو یہ زیب نہیں دیتا۔ اسلام آباد میں اگر کل کوئی احتجاج ہوا تو اس کے لیے پورا بندوبست ہے، ہم خبردار کررہے ہیں، بعد میں کوئی شکایت نہ کرے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ فوج کو اسلام آباد میں تعینات کردیا گیا ہے، سعودی وفد بھی پاکستان آ رہا ہے۔ تمام حالات کے پیش نظر سیکورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ سیاسی کارکن کل نکلنے سے پہلے کئی بار سوچ لیں، پھر بعد میں ہم سے شکایت نہ کریں۔ حکومت 17 اکتوبر تک اپنی حکمت عملی بنا چکی ہے۔

