ابوجا: نائیجیرا میں کشتی ڈوبنے کے بعد کشتی میں سوار 300افراد میں سے 100لاپتا ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کشتی نائیجیریا کے ضلع موقوا کے مقام پر دریائے نائیجر میں ڈوبی جس کے بعد سے اب تک 100افراد لاپتا ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کشتی مقامی طور پر لکڑی سے تیار کی گئی تھی جس میں 100لوگوں کے سفر کرنے کی گنجائش تھی مگر جب کشتی روانہ ہوئی تو اس پر 300لوگ سوار تھے جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی تھی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کشتی میں سوار افراد ایک مذہبی تہوار مکمل ہونے کے بعد واپس جارہے تھے،حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد مقامی حکام نے 150افراد کو ریسکیو بھی کیا لیکن100افراد تاحال لاپتا ہیں۔
کشتی حادثے میں ہلاکتوں سے متعلق اب تک متضاد دعوے سامنے آرہے ہیں جن میں ایک مقامی اخبار نے کہا ہیکہ ڈوبنے والے 9افراد کی لاشیں ملی ہیں جب کہ لوکل کونسل کے ایک رہنما نے 60افراد کی لاشیں ملنے کا دعوی کیا ہے۔

