اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے حوالے سے اسلام آباد میں فوج تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایس ای او کا سربراہ اجلاس اسلام آباد میں ہوگا، اس دوران حکومت کی جانب سے حفاظتی اقدامات کے تحت وفاقی دارالحکومت میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
فوج تعیناتی کے لیے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق آرٹیکل245 کے تحت شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے دوران سیکورٹی کی ذمے داری فوج سنبھالے گی اور کانفرنس کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 17 اکتوبر تک تعینات رہے گی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ فوج کی تعیناتی 5 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک ہوگی۔ اسلام آباد کی سیکورٹی کی ذمے داری فوج کے حوالے ہوگی جب کہ پولیس و دیگر ادارے فوج کی معاونت کریں گے۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔

