
ملتان (نمائندہ خصوصی) ملتان ٹیسٹ میں دوسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، انگلش ٹیم نے پاکستان کے پہلی اننگز کے 556 رنز کے جواب میں 96 رنز بنالیے۔ ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 556 رنز بناکر آؤٹ ہوئی جس کے بعد انگلش ٹیم بیٹنگ کرنے آئی۔ انگلش ٹیم نے پاکستان کے خلاف مایوس کن آغاز کیا اور اس کی پہلی وکٹ 4 رنز پر گرگئی ، اولی پاپ صفر پر نسیم شاہ کا شکار ہوئے۔ اہم ایک وکٹ گرنے کے بعد زیک کرالی اور جو روٹ نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک کریز پر موجود رہے۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام پر انگلش ٹیم نے ایک وکٹ پر 96 رنز اسکور کیے، زیک کرالی 64 اور جو روٹ 32 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 460 رنز کا خسارہ ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز شان مسعود نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، میچ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے شان مسعود اور عبداللہ شفیق کی شاندار سنچریوں کی بدولت 4 وکٹ کے نقصان پر 328 رنز بنالیے تھے۔ میچ کے دوسرے روز سعود شکیل اور نسیم شاہ نے کھیل کا آغاز کیا تو نسیم شاہ 388 کے اسکور پر 33 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جب کہ ان کے بعد آنے والے محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ قومی ٹیم کی7ویں وکٹ 450 کے مجموعی اسکور پر سعود شکیل کی صورت گرگئی، سعود شکیل 177 گیندوں پر 82 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے، سعود کے بعد آنے والے عامر جمال 7 رنز، شاہین آفریدی 26 رنز اور پھر ابرار احمد 3 بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس دوران قومی کرکٹر سلمان آغا نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ہزار رنز مکمل کرلیے ، سلمان آغا نے 15 ویں ٹیسٹ کی 28ویں اننگز میں ایک ہزاررنز مکمل کیے اور 104 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 556 رنز اسکور کیے۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ کے پہلے روز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 328رنز بنا لئے تھے، کپتان شان مسعود اور اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق نے شاندار سنچریاں ا سکور کیں۔انگلینڈ کی طرف سے گاس ایٹکنسن نے2 وکٹیں حاصل کیں جبکے کرس ووکس اور جیک لیچ نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا تھا۔
