English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ختم نبوت و صحابہ کرام ؓکی شان ہماری ریڈ لائن ہے، ثروت قادری

القمر

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان سنی تحریک ختم نبوت و شان صحابہ کا تحفظ اور وطن عزیز کی سلامتی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، سنی تحریک نظریاتی جماعت ہے جو بے شمار قربانیاں دینے کے باوجود آج بھی اپنے نظریے اور مشن پر ثابت قدمی سے گامزن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجدار ختم نبوت امن مارچ عمرکوٹ سے واپسی پر ضلع جنرل سیکرٹری سلمان راجپوت کے گھر پر ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان سنی تحریک کے صوبائی رہنما محمد علی چشتی، ڈویژنل صدر حافظ محمد طارق قادری، ضلعی صدر ملک ساجد قادری، جنرل سیکرٹری محمد سلمان راجپوت، جاوید جعفری عمران سراج سمیت مختلف علاقوں کے سیکٹر انچارج و یونٹ انچارج بھی موجود تھے۔ انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ختم نبوت و صحابہ کرام رضی اللہ عنہ کی شان ہماری ریڈ لائن ہے، ناموس رسالت و شان صحابہ کا تحفظ کرنا ہمیں ورثے میں ملا ہے، دشمن قوتیں متحد ہو کر اسلام اور وطن عزیز کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں، ہمیں ہر وقت اپنی آنکھیں کھلی رکھنی چاہیے، ملک سیاسی بحران کا شکار ہے، حکمران اقتدار کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے دست گریباں ہو کر آئین اور قانون کا مذاق بنا رہے ہیں جو ملکی معیشت کے لیے نقصان کا باعث ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے