
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست فلوریڈا کو صدی کے طاقت ور ترین سمندری طوفان ملٹن کا خطرہ درپیش ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق 200 میل فی گھنٹہ کی ہواؤں کے ساتھ کیٹگری 5 کے سمندری طوفان کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے، شدت بڑھنے پر تاریخی طوفان نئی کیٹگری 6 کی سطح پر جاسکتا ہے۔ طوفان کے خطرے کے پیش نظر ریاست میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ فلوریڈا کے مغربی ساحلی علاقوں سے 10لاکھ سے زیادہ افراد کو انخلا کا حکم بھی جاری کردیا گیا ہے۔ صدر بائیڈن نے شہریوں کو ہدایت کردی کہ یہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، ساحلی علاقوں کے لوگ محفوظ مقامات پر چلے جائیں۔حکام کی جانب سے ساحلی علاقوں سے انخلا کے حکم کے بعد فلوریڈا کی مرکزی شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ طوفان کے خدشے پر مارکیٹوں کے شیلف اشیائے خور و نوش سے خالی ہوگئے۔ طوفان فلوریڈا کے مغربی ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا اور زیر اثر ساحلی علاقوں میں 12 فٹ اونچی لہریں اْٹھنے اور 15 انچ تک بارش ہونے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ 2ہفتے پہلے فلوریڈا اور جنوب مشرقی ریاستوں سے سمندری طوفان ہیلن ٹکرایا تھا، جس سے امریکا کی 6 ریاستوں میں 200سے زیادہ اموات ہوئی تھیں۔حکام کا کہنا ہے کہ طوفان ملٹن سے بجلی کے طویل بریک ڈاؤن اور تباہ کن اثرات کا خطرہ ہے۔
