غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، صیہونی فوجیوں نے شمالی غزہ کے جبالیہ کیمپ میں دہشت گردی کرتے ہوئے ایک فلسطینی صحافی کو شہید کردیا جبکہ 2 شدید زخمی ہوئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے اپنی جارحانہ کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے مزید 2 صحافیوں کو شہید کیا ہے، صحافتی عملے کو میزائل سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں الاقصی ٹی وی کے کیمرا مین محمد التنانی شہید اور رپورٹر تمیر لباد زخمی ہوگئے، اسرائیلی جنگی تیاروں نے نہ صرف صحافتی عملے کو میزائل سے نشانہ بنایا بلکہ زخمیوں کی ایمبولینس تک رسائی بھی روک دی۔
غزہ میڈیا آفس نے صحافیوں پر حملوں کے تازہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے اب تک 176 صحافی لقمہ اجل بن چکے ہیں، عالمی برادری اور بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی فوج کو جرائم سے روکیں اور فلسطینیوں کی نسل کشی اور صحافیوں کا قتل عام روکنے کیلیے عالمی عدالت میں مقدمہ چلاکر اسرائیل پر دبا بڑھائیں۔
خیال رہے کہ کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی دہشت گردی کے دوران غزہ میں 176 صحافی اور میڈیا ورکرز شہید ہوچکے ہیں۔

