ملتان (نمائندہ خصوصی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پیچ کو اپنے فیور میں استعمال کر نے اور جیتنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اظہر محمود نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ہم چاہ رہے تھے کہ گیند ا سپن ہو مگر آخری روز تک بال ا سپن نہیں ہوئی، امید ہے اس مرتبہ گیند ا سپن ہوگی۔بابر اعظم کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں ڈراپ کرنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بابر ہمارا نمبر ون پلیئر ہے،بابر کو ڈارپ نہیں کیا گیا ریسٹ دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی نے بابر کے علاوہ نسیم اور شاہین کو بھی آرام دینے کا فیصلہ کیا،گزشتہ کچھ عرصہ سے بابر اور شاہین کے ساتھ بہت سی چیزیں ہو رہی تھیں،ذہنی طور پر کھلاڑی جتنا بھی کہے کہ میں مضبوط ہوں مگر چیزیں اثر کر رہی ہوتی ہیں،اسی لئے بھی بابر،شاہین کو آرام دیا گیا ۔قومی ٹیم کے کوچ نے کہا پاکستان نے آگے آسٹریلیا،ساوتھ افریقا اور زمبابوے کے دورے کرنے ہیں،چونکہ آگے بہت کرکٹ آ رہی ہے تو یہ بہترین وقت ہے کہ کھلاڑیوں کو ریسٹ دیا جائے۔

