بدین (نمائندہ جسارت) جی ڈی اے کی جانب سے سندھ امن بیداری مارچ جلسے کی شکل اختیار کرگیا، ہزاروں شرکاء کی شرکت، لیاقت جتوئی، پیر صدر الدین شاہ، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، صفدر عباسی، عبدالقدوس احمدانی، ایاز لطیف پلیجو، حسنین مرزا و دیگر کا خطاب۔ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے مرکزی صدر سید زین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی بدترین خلاف ورزی کی جا رہی ہے، ارسا ایکٹ میں ترمیم اور دریائے سندھ سے غیر قانونی کینالز کی منظوری ہی نہیں لی گئی اور منصوبے پر کام کا زوری زبردستی شروع کر دیا گیا، زرداری اقتدار اور مفادات کی خاطر سندھ کی لاکھوں ایکڑ زمین کمپنی کو دینے اور دریائے سندھ کا پانی دینے کی سازش کر رہا ہے، پنجاب کی لاکھوں ایکڑ زمین آباد کرنے کے لیے سندھ کی لاکھوں ایکڑ زمین بنجر اور ویران کی جا رہی ہے، حکومت ملک، جمہوریت، آئین اور عوام کے خلاف سازشیں کر رہی ہے، ہمیشہ جب سندھ پر مشکل آئی تو سندھ دوست جماعتوں نے اس کے خلاف بھرپور ردِعمل دیا اور مزاحمت کی، اتحادی جماعتیں سندھ کی بقا اور حقوق کے لیے جدوجہد کا آغاز کر چکے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما علیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستان صرف پیر صاحب پاگارو کا خاندان ہے، ہماری زندگی اور جان دریائے سندھ پر قربان، تحریک انصاف اپنی جان ہتھیلی میں لے کر حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے، اب سندھ کے عوام کی برداشت ختم ہو گئی، حکمرانوں کے خلاف مزاحمت کے لیے تیار ہیں، دریا کے پانی پر ڈاکا پاکستان کی سالمیت پر حملہ ایوان صدر سے ہوا ہے۔ قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ دریائے سندھ ہماری جان، زندگی ہے، دریائے سندھ ہمارے لیے مقدس ہے، اس پر ڈاکا کسی صورت برداشت نہیں، سندھ کو ہمیشہ غداروں نے نقصان پہنچایا، اب زرداری بھی غداری کر رہا ہے، دریائے سندھ سے کینال حکمرانوں اور طاقتوروں کے لیے ہیں، پیپلز پارٹی تعلیم، صحت، زراعت تباہ کر رہی ہے، سندھ کو زرداری نے یتیم خانہ بنا دیا، سندھ کے خزانے، وسائل اور مشینری کے زور پر جلسہ کر کے بھی ناکام جلسہ کیا، اب کراچی سے کشمور تک مزاحمت ہو گی، روڈ رستے بلاک ہوں گے۔ سابق رکن سندھ اسمبلی بیرسٹر حسنین مرزا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجناس کی خریداری اور قیمتوں پر پیپلز پارٹی کی شخصیات کی گرفت ہے، دھان سمیت دیگر زرعی اجناس کی قیمتوں میں کمی اور اربوں روپے کی انکم حکومتی شخصیات حاصل کر کے کاشت کاروں کو لوٹا جا رہا ہے، کاشت کاروں کو تباہ کر کے ہاری کارڈ دے کر احسان کیا جا رہا ہے۔ جی ڈی اے کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ جعلی الیکشن کے بعد جعلی نظام کے جعلی صدر زرداری کو دریائے سندھ پر ڈاکا نہیں مارنے دیں گے، زرداری ہم ایک دوسرے کو بہت جانتے اور پہنچانتے ہیں، تمام وفاداری صرف اقتدار اور مفاد ہے، میں ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے شہر میں کھڑا ہو کر بتانا چاہتا ہوں، زرداری ہم سندھ کے لیے کٹ مرنے کو تیار ہیں، میں ان طاقتوروں کو کہتا ہوں کہ عوام اور سندھ دشمن زرداری ٹولے کی حمایت چھوڑ دیں، بدین کے عوام اور مرزا صاحب کو بتانا چاہتا ہوں کہ بدین سے جو جدوجہد کا آغاز کیا ہے یہ رُکے گی نہیں۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی نے کہا کہ بدین کے عوام نے جبری منظور کرائے جانے والے غیر قانونی قانون سازی کو مسترد کر دیا ہے، پیپلز پارٹی اب زرداری پارٹی ہے، سرکاری فنڈ اور وسائل سے ناکام جلسہ پر جشن منا رہی ہے، جی ڈی اے مرزا گروپ کا جلسہ عوامی جلسہ ہے، پیر صاحب پاگارو اور جی ڈی اے کی قیادت سندھ میں متبادل ہے، زرداری حکومت نے ظلم کی انتہا کر دی ہے، جلسے میں امیر آزاد پھنور، سیدعلی مردان شاہ گیلانی و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
