اسلام آباد : وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا ہےکہ بانی پی ٹی آئی لوگوں کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرتے ہیں اور یہی تاریخ علی امین گنڈاپور کے ساتھ بھی دہرائی جا رہی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر کو ہٹانے، عدم اعتماد یا استعفےکا فیصلہ نہیں ہوا، وزیراعظم آزاد کشمیرکے خلاف عدم اعتماد کا وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں تذکرہ نہیں ہوا، وزیراعظم آزادکشمیر کے استعفے یا ہٹائے جانےکی خبروں میں صداقت نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کا اتحاد برقرار رہےگا، وزارتیں نہ لینےکے باوجود پیپلز پارٹی کا تعاون ان کی جمہوریت پسندی ہے، عدم اعتماد کی سیاسی مخالفین کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی، سیکیورٹی فورسز روز ملک کےلیے جانوں کی قربانیاں دے رہی ہیں، اتحاد میں شامل جماعتیں حالات کی نزاکت کے پیش نظر حمایت کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں پیپلز پارٹی سے مذاکرات کا آغاز ہوا ہے، باہمی اختلاف دونوں پارٹیوں کی قیادت کی سطح پر حل ہوں گے۔