تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے علی امین گنڈا پور کو خیبر پختونخوا کی وزارتِ اعلیٰ سے ہٹائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا گیا ہے۔
بشریٰ بی بی کے وکیل رائے سلیمان نے بھی علی امین گنڈا پور کو ہٹانے کی تصدیق کی ہے۔
تاہم موجودہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ انہیں تاحال وزارتِ اعلیٰ چھوڑنے سے متعلق کوئی باضابطہ اطلاع نہیں ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ اعلیٰ پارٹی اور چیئرمین عمران خان کی امانت ہے، جب حکم دیا گیا، وہ منصب چھوڑ دیں گے۔
سہیل آفریدی کون ہیں؟
خیبر پختونخوا کے ممکنہ نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے۔ وہ 2024 کے عام انتخابات میں پہلی مرتبہ رکنِ صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔
ماضی میں وہ انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن خیبر پختونخوا کے صدر رہ چکے ہیں۔ موجودہ حکومت میں سہیل آفریدی وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ کابینہ میں رد و بدل کے بعد انہیں وزیر برائے ہائر ایجوکیشن مقرر کیا گیا۔
سہیل آفریدی تحریک انصاف کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔