نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی ملاقات شرم الشیخ میں غزہ امن سمٹ کے موقع پر ہوئی، جس کی تصدیق ترجمان دفتر خارجہ نے کی ہے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار کی ترک وزیر خارجہ حکان فیدان سے بھی ملاقات ہوئی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے جنگ بندی کے لیے امریکا اور ترکیے کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ اور فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے۔
علاوہ ازیں، مصر میں غزہ امن سربراہ اجلاس کے دوران غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر ثالث ممالک — مصر، ترکیہ، قطر اور امریکا — نے باضابطہ دستخط کیے۔
تقریب کے بعد صدر ٹرمپ اور دیگر عالمی رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ ٹرمپ نے اس موقع پر کہا کہ “غزہ امن معاہدہ ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ میں تمام شرکا کا شکر گزار ہوں اور سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ کامیابی دوست ممالک کے تعاون سے ممکن ہوئی۔”