ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ایک اور پاکستانی ایئرلائن نے برطانیہ کے 3 شہروں کے لیے فلائٹ آپریشن کی اجازت مانگ لی

اسلام آباد: پاکستان کی نجی ایئرلائن ایئرسیال نے برطانیہ کے 3 اہم شہروں لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کی باقاعدہ درخواست دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ اقدام برطانیہ کی جانب سے پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پانچ سالہ پابندی کے خاتمے کے بعد سامنے آیا ہے، جس سے ایک بار پھر پاکستانی فضائی کمپنیوں کو یورپی فضاؤں میں پرواز کرنے کی اجازت حاصل ہوگئی ہے۔

ایئرسیال کی یہ پیش رفت اس وقت ہوئی ہے جب اس سے قبل پی آئی اے اور ایئربلو بھی برطانیہ کے لیے پروازوں کی منظوری حاصل کرچکی ہیں۔ ایئرسیال کی درخواست پر عمل درآمد کے بعد توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد ہی یہ ائیرلائن بھی اپنی پروازیں شروع کر دے گی، جس سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سفری سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ایئرسیال کی انتظامیہ نے تمام مطلوبہ دستاویزات برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو جمع کرا دی ہیں اور ابتدائی منظوری کے بعد فلائٹ شیڈول مرتب کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔

اس اقدام کو پاکستان کے فضائی شعبے میں ایک مثبت سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جو نہ صرف ملکی ائیر لائنز کے اعتماد کی بحالی میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ قومی معیشت پر بھی مثبت اثر ڈالے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایئرسیال کی جانب سے برطانیہ کے 3 بڑے شہروں تک پروازیں شروع ہونے سے مقامی مسابقت بڑھے گی اور فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کا امکان بھی پیدا ہوگا۔ اس سے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا جو طویل عرصے سے محدود آپشنز کے باعث مشکلات کا شکار تھی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں