کراچی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ، جعلی ادویات اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔
محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا اور کراچی اور ساؤتھ زون کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ نے کہا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، بڑے منی لانڈرز پر سخت ہاتھ ڈالا جائے اور حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کا حکم بھی دیتے ہوئے کہا کہ معصوم افراد کو جھانسے میں لا کر باہر بھیجنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، جعلی ادویات کے کاروبار کرنے والوں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے کیونکہ یہ انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے کراچی زون میں انسانی وسائل کی کمی ترجیحی بنیاد پر دور کی جائے گی اور تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ ادارے کی کارکردگی اور نیک نامی میں اضافہ ہو۔
اجلاس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چار ماہ میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا، 140 ملین روپے کی نان کسٹم مصنوعات اور ڈرگز ضبط کی گئی ہیں، اور مسافروں کی سہولت کے لیے کراچی ائیرپورٹ پر سہولت سینٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔