لاہور: پنجاب بار کونسل کی جانب سے سابق آئی ایس آئی چیف فیض حمید کے وکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق کا لائسنس بحال کردیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں میاں علی اشفاق کا لائسنس معطلی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی جہاں جسٹس ملک اویس خالد نے میاں علی اشفاق کی درخواست پر یہ کیس سنا، عدالتی حکم پر پنجاب بار کونسل کے عہدیداران پیش ہوئے۔
عدالت نے پنجاب بار کونسل کو میاں علی اشفاق کا موقف سن کر معاملے کا فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔
بتایا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے کے بعد میاں علی اشفاق کے اعتراضات اور موقف کو سنتے ہوئے اس کی روشنی میں پنجاب بار کونسل نے ان کا لائسنس بحال کردیا۔
پنجاب بار کونسل نے میاں علی اشفاق کا معاملہ ڈسپلنری کمیٹی کو بھجوادیا، اس حوالے سے پنجاب بار کونسل کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔
گزشتہ روزلاہو ہائیکورٹ نے میاں علی اشفاق کے لائسنس معطل کرنے کے خلاف درخواست پر پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ طلب کیا تھا۔