سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے لیے 7 ارب روپے بطور معاوضہ منظور کرلیے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق کابینہ نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے خصوصی اختیارات کی منظوری دی ہے، جس کے بعد ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو خصوصی مجسٹریٹ کے اختیارات سونپ دیے گئے ہیں۔ انہیں قیمتوں کے تعین سے متعلق قانون کے تحت فوری جرمانہ عائد کرنے اور کارروائی کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، سخت نگرانی جاری رکھی جائے گی اور ماہِ رمضان میں سرکاری نرخوں پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
مزید برآں کابینہ نے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی مالیاتی کمیٹی کی سفارشات بھی منظور کرلیں۔ شہر کی سڑکوں کی بحالی کے لیے 8 ارب 53 کروڑ روپے مختص کیے گئے، جبکہ گل پلازہ متاثرین کے لیے 7 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔
اسی طرح آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع تاریخی عمارت کے تحفظ کے لیے ایک ارب 57 کروڑ روپے، حیدرآباد بلدیہ عظمیٰ کے لیے 5 ارب 20 کروڑ روپے کی گرانٹ اور کچے کے علاقوں میں کارروائی کے لیے سندھ پولیس کو 56 کروڑ روپے فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں نوجوانوں کی تربیت کے لیے پیپلز معلوماتی ٹیکنالوجی پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت 90 کروڑ روپے کی منظوری بھی دی گئی۔
