English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

محمود خان اچکزئی کی حکومت کو مذاکرات کی دعوت

القمر

اسلام آباد :ملک کی سیاسی فضا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے ایک بار پھر حکومت کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ تمام قومی اور علاقائی مسائل کا حل بات چیت اور پارلیمانی مکالمے میں مضمر ہے، موجودہ حالات میں محاذ آرائی کے بجائے سنجیدگی، برداشت اور اجتماعی دانش کی ضرورت ہے۔

نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ماہِ رمضان صبر، برداشت اور مفاہمت کا مہینہ ہے، اس لیے ملک اور پارلیمان کی خاطر سیاسی قوتوں کو ایک میز پر بیٹھ کر بات کرنی چاہیے، ہر مسئلے کا حل مذاکرات ہیں اور اگر سیاسی قیادت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تو پیچیدہ معاملات بھی حل ہو سکتے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے اس بات پر زور دیا کہ پارلیمان کو حقیقی معنوں میں طاقت کا سرچشمہ بنایا جائے،مذاکرات ہر سطح پر ہونے چاہئیں تاکہ سیاسی عدم استحکام کا خاتمہ ممکن ہو سکے،موجودہ علاقائی صورتحال نہایت نازک ہے اور ایران کے اطراف سمندروں میں بحری بیڑوں کی موجودگی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی علامت ہے، جس پر گہری تشویش پائی جاتی ہے۔

محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ خطے کی صورتحال تسلی بخش نہیں اور پاکستان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بھی مثالی نہیں رہے۔ ایسے میں قومی قیادت کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشترکہ حکمت عملی اپنانی چاہیے، اختلافات کو جمہوری طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے اور سیاسی استحکام ہی معاشی اور سفارتی استحکام کی بنیاد بنتا ہے۔

انہوں نے حکومت کو پیشکش کی کہ اپوزیشن ہر ایسے عمل کا حصہ بننے کے لیے تیار ہے جس سے پارلیمان مضبوط ہو اور ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کا متحد ہو کر مقابلہ کیا جا سکے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے