لاہور: انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ سے قبل سابق کپتان شاہد آفریدی نے قومی پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا ہے۔ آفریدی نے اس موقع پر زور دیا کہ آج کا دن اتحاد اور یکجہتی کا تقاضا کرتا ہے کیونکہ یہ مقابلہ ٹیم کے لیے نہایت فیصلہ کن اہمیت کا حامل ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ کامیابی کے لیے کھلاڑیوں کو ذاتی کارکردگی سے بڑھ کر ٹیم کے مفاد کو ترجیح دینی ہوگی۔
شاہد آفریدی نے کھلاڑیوں کو مشترکہ اعتماد، مضبوط اعصاب اور مکمل عزم کے ساتھ میدان میں اترنے کی ہدایت کی۔
اس اہم میچ کے لیے آفریدی کی منتخب کردہ پلیئنگ الیون میں بابر اعظم کو اوپننگ پوزیشن دی گئی ہے جبکہ ان کے داماد کو ٹیم سے خارج کر دیا گیا ہے، جسے آفریدی نے ٹیم کے مفاد کے لیے ایک مشکل مگر ضروری فیصلہ قرار دیا۔
قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون درج ذیل ہے:
بابراعظم، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، فخر زمان، عثمان خان، فہیم اشرف، نسیم شاہ، ابرار احمد، سلمان مرزا، عثمان طارق۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیم میں یہ تبدیلی اور فیصلہ کن لائن اپ انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور اس میچ کے نتائج ورلڈ کپ کی صورتحال پر براہِ راست اثر ڈالیں گے۔
