English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

گورننس فورم ملک کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا: وزیراعظم

القمر

اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان گورننس فورم ملکی ترقی کے لیے ایک اہم اور مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آئے گا۔

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے پاکستان گورننس فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملکی معیشت کی بہتری، کرپشن کے خاتمے اور ٹیکس نظام میں اصلاحات کے حوالے سے اہم نکات پیش کیے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ جون 2023ء میں پاکستان معاشی بحران کے دہانے پر تھا، تاہم حکومت نے ملکی معیشت کے پہیے کو رواں رکھنے کے لیے متعدد اقدامات کیے۔

انہوں نے کرپشن زدہ اداروں کے خاتمے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کرپشن کا بڑا مرکز تھے، جسے رمضان کے دوران ختم کیا گیا، جس کے نتیجے میں عوام کی جیبوں میں اربوں روپے واپس آئے، اسی طرح دو سو ارب روپے کی بجلی چوری پر قابو پایا گیا اور بجلی کی قیمت میں فی یونٹ سات روپے کمی کی گئی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پی ڈبلیو ڈی کے خاتمے کے حوالے سے بے پناہ سفارشیں آئیں، لیکن ادارے کو ختم کیا گیا تاکہ قومی وسائل کا بہتر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ سولر نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے بھی جائز موقف کو سنا گیا اور اس کے مطابق اقدامات کیے گئے۔

شہباز شریف نے اقتصادی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج ملک کی مجموعی معیشت پہلے سے بہتر ہے، شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ گئی ہے، لیکن ترقی کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے لیے محنت جاری رکھنی ہوگی۔

وزیراعظم نے ٹیکس اصلاحات پر بھی زور دیا اور کہا کہ بالواسطہ ٹیکس میں چوری روکنے کے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ اگلے بجٹ میں ڈائریکٹ ٹیکسز میں کمی کی جائے گی تاکہ معیشت پر بوجھ کم ہو اور کاروبار اور عوام کے لیے آسانیاں پیدا ہوں۔

انہوں نے گورننس فورم کو ملک میں شفافیت، بہتر انتظامیہ اور معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنے کا اہم ذریعہ قرار دیا اور کہا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے پالیسی ساز اور ماہرین مل کر ایسے اقدامات کر سکتے ہیں جو پاکستان کو مستحکم اور ترقی یافتہ ملک بنانے میں مددگار ثابت ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے