روسی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک ڈچ سفارتکار کو ایران میں سیارچہ انٹرنیٹ آلات اور سیارچہ فون اسمگل کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا۔
ایرانی ذرائع کے حوالے سے روسی خبر رساں ادارے کی جانب سے جاری وڈیو میں کہا گیا کہ ڈچ سفارتکار جب ہوائی اڈے پر پہنچا تو اس نے اپنا بیگ جانچ مشین سے گزارنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
اطلاعات کے مطابق معاملہ شدت اختیار کرنے پر حکام نے سفارتکار کا سامان تحویل میں لے لیا، جس کے بعد وہ بغیر سامان لیے ہی ملک سے روانہ ہوگیا۔ بعد ازاں دوسرے مندوب کی جانب سے سامان وصول کرنے میں تاخیر ہوئی تو حکام نے بیگ کھول کر اس کا معائنہ کیا۔
واضح رہے کہ معروف ٹیکنالوجی کاروباری شخصیت ایلون مسک ایران میں مفت انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے سیارچہ نظام متعارف کرانا چاہتے ہیں۔ ایران نے گزشتہ برس سے اس نظام کے استعمال، درآمد اور تقسیم پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور اسے غیر قانونی قرار دیا ہے۔
حکام کے مطابق اس سہولت کے استعمال کو ممکنہ مجرمانہ عمل یا جاسوسی کے زمرے میں شمار کیا جاتا ہے، اور استعمال کرنے والوں کو قید کی سزا بھی دی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب ہالینڈ کی وزارت خارجہ نے تہران کے ہوائی اڈے پر ڈچ سفارتکار کے سفارتی سامان کی ضبطی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے نیدرلینڈز میں تعینات ایرانی سفیر کو طلب کرلیا۔
