تہران:ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ ایران کو دھمکا کر اپنے ہتھیار چھوڑنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا اور ملک بات چیت کے لیے تیار ہے لیکن پُرامن جوہری پروگرام کے حقوق سے دستبردار نہیں ہوگا۔
عباس عراقچی نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ “جب اسرائیل نے حملہ کیا تھا، تب بھی ہم نے ہتھیار نہیں ڈالے۔ یہ لوگ ناکام تجربہ دہرانا چاہتے ہیں لیکن اب بھی انہیں بہتر نتیجہ نہیں ملے گا، ایران اب پہلے سے کہیں زیادہ تیار ہے اور کسی کی دھمکی پر اپنے دفاعی اقدامات ترک نہیں کرے گا۔
وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ اگر جنگ ہوئی تو اس کا اثر پورے خطے پر پڑے گا اور یہ بہت خطرناک ثابت ہوگی کیونکہ امریکی اڈے پورے خطے میں موجود ہیں، اس تنازع کا حل صرف بات چیت اور سفارت کاری میں ہے، ایران اپنے پُرامن جوہری پروگرام کے حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگا۔
