جنوبی کوریا میں فضائیہ کا ایک ایف سولہ سی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ حادثہ یونگجو شہر کے قریب پہاڑی علاقے میں اس وقت پیش آیا جب طیارہ تربیتی مشق میں مصروف تھا۔
اطلاعات کے مطابق پائلٹ بروقت طیارے سے باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔ فوری طور پر پائلٹ کے زخمی ہونے یا کسی شہری کے جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
حادثے کے مقام پر آگ بھڑک اٹھی جس سے قریبی جنگل متاثر ہوا، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پالیا جائے گا اور اس کے پھیلاؤ کا خدشہ کم ہے۔
جنوبی کوریا کی فضائیہ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے نائب سربراہ کی قیادت میں ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے۔
یاد رہے کہ چوبیس گھنٹوں سے بھی کم عرصے میں اس امریکی ساختہ طیارے کا یہ دوسرا حادثہ ہے۔ اس سے قبل ترک فضائیہ کا ایک ایف سولہ مغربی ترکیہ میں ایک شاہراہ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس میں پائلٹ ہلاک ہوگیا تھا۔ بعد ازاں اس کی شناخت فضائیہ کے میجر ابراہیم بولات کے نام سے کی گئی۔
