ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث ڈچ ائیر لائن KLM Royal Dutch Airlines نے اسرائیل کیلئے اپنی پروازیں بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ائیر لائن کے مطابق یکم مارچ سے اسرائیل کیلئے تمام پروازیں غیر معینہ مدت تک معطل رہیں گی، جبکہ سکیورٹی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا نے مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر اسرائیل، لبنان، اردن، قطر اور متحدہ عرب امارات سے اپنے شہریوں کے انخلا کیلئے اقدامات شروع کردیے ہیں۔ ادھر امریکا نے خطے میں اپنی فوجی موجودگی مزید مضبوط کرتے ہوئے جدید F-22 Raptor لڑاکا طیاروں کے مزید 6 یونٹس مشرق وسطیٰ روانہ کردیے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ Abbas Araghchi نے بھارتی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ امریکا ایران کے گرد بڑی فوجی موجودگی کے ذریعے دباؤ ڈالنا چاہتا ہے تاکہ ایران ہتھیار ڈال دے، تاہم ایران کسی دباؤ میں نہیں آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پہلے سے زیادہ تیار ہے اور تنازع کا واحد حل مذاکرات اور سفارت کاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنے پرامن جوہری پروگرام کے حق سے دستبردار نہیں ہوگا اور کسی بھی دباؤ کے باوجود اپنی قومی خودمختاری اور دفاعی پالیسی پر قائم رہے گا۔
