اسلام آباد: پاکستان فضائیہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی ساتویں سالگرہ ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منائی، جہاں اس تاریخی دن کو جدید فضائی جنگ میں عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور متوازن ردِعمل کی علامت قرار دیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تھے، جنہوں نے خطاب کرتے ہوئے ملکی خودمختاری کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان ایک باوقار اور ذمہ دار ریاست ہے جو امن کی خواہاں ہے، اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سات برس قبل دشمن نے رات کی تاریکی میں پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرتے ہوئے ملک کے عزم اور صلاحیت کا غلط اندازہ لگایا لیکن پاک فضائیہ نے دن کی روشنی میں بھرپور اور مؤثر جواب دے کر عددی برتری رکھنے والے دشمن کو واضح پیغام دیا۔
انہوں نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو جدید فضائی تاریخ کا اہم باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی نے پاک فضائیہ کی تیاری، حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کو عالمی سطح پر اجاگر کیا، پاکستان فضائیہ نے مالی مشکلات کے باوجود جامع جدت اور خود انحصاری کی پالیسی اپنائی اور خود کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنے کے لیے مسلسل اصلاحات جاری رکھیں۔
خطاب میں انہوں نے حالیہ برسوں میں بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول اور جنگ کی نئی جہتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فضائیہ ہمہ جہت آپریشنز کی صلاحیت حاصل کر چکی ہے، جب بھی ملکی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا، پاک فضائیہ نے پیشہ ورانہ مہارت اور درستگی کے ساتھ جواب دیا اور دشمن کو پسپا کیا۔
ایئر چیف نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ ہمہ وقت تیار ہے، جدید ٹیکنالوجی، تربیت اور قومی عزم کے امتزاج سے پاکستان فضائیہ ایک نیکسٹ جنریشن ایئر فورس کی جانب گامزن ہے۔
تقریب کے اختتام پر وطن عزیز کے دفاع میں خدمات انجام دینے والے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملکی سلامتی کے لیے ہر سطح پر تیاری جاری رکھی جائے گی۔
