English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جی ایچ کیو میں قومی سلامتی اجلاس، افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ

القمر

راولپنڈی: وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا اہم دورہ کیا جہاں انہیں پاکستان اور افغانستان کی موجودہ صورتحال، سرحدی کشیدگی اور سکیورٹی معاملات پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ اعلیٰ عسکری قیادت نے وزیرِاعظم کو خطے کی تازہ پیش رفت اور آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا۔

دورے کے موقع پر وزیرِاعظم نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج اور افغان طالبان رجیم کے گٹھ جوڑ اور پاکستان کے خلاف شرپسند کارروائیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، افغان طالبان رجیم اور فتنہ الخوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی ناقابل قبول ہے اور اس کا مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں ملک کے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہیں، پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے اور اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا بخوبی جانتا ہے۔

وزیرِاعظم نے سرحدی علاقوں میں حملوں کو پسپا کرنے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرأت کو سراہا،حالیہ کارروائیوں نے ثابت کیا ہے کہ ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہاتھوں میں ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔

اجلاس میں قومی سلامتی کی مجموعی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات اور خطے میں امن و استحکام کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاستی اقدامات جاری رہیں گے اور کسی کو بھی پاکستان کے امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ارضِ وطن کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ وزیرِاعظم نے ملکی سلامتی کے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح بنائیں اور دشمن کی ہر سازش کو بروقت ناکام بنائیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم کو سرحدی صورتحال، جوابی کارروائیوں اور آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے اعتماد میں لیا گیا جبکہ ملک کے دفاع اور داخلی امن کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے