English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

خواجہ آصف کا سراج الدین حقانی کو دوٹوک پیغام، دشمنوں کا ساتھ نہ دینے کا مطالبہ

القمر

اسلام آباد: خواجہ آصف نے افغان طالبان کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان اپنے گھر میں جسے چاہے پناہ دے سکتا ہے، لیکن پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف کردار ادا کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ماضی میں سراج الدین حقانی اور ان کے خاندان کو پاکستان میں مہمان کے طور پر رکھا گیا اور دہائیوں تک ان کی میزبانی کی گئی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سوویت یونین کے خلاف جنگ میں دونوں ایک ہی مقصد کے لیے ساتھ کھڑے تھے اور اس جدوجہد میں امریکا بھی شامل تھا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ نائن الیون کے بعد پاکستان پر حقانی نیٹ ورک کی معاونت کے الزامات لگائے گئے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ خود حقانی اس حوالے سے دنیا کے سامنے حقیقت بیان کریں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان دھڑوں کے درمیان اختلافات ختم کرانے کی کوشش کی، حتیٰ کہ مکہ میں بھی صلح کرانے میں کردار ادا کیا، لیکن اس کا مثبت جواب نہیں ملا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرنے والے عناصر کو افغانستان میں پناہ دی گئی، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہوئے۔ خواجہ آصف نے سراج الدین حقانی پر زور دیا کہ وہ اپنے نام اور روایت کی لاج رکھتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو، کیونکہ مذہب، ثقافت اور روایات بھی یہی سکھاتی ہیں کہ جس ملک نے پناہ دی ہو، اس کے ساتھ وفاداری نبھائی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے