English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسلام آباد ریڈ زون مکمل سیل: مظاہروں کے پیش نظر سیکیورٹی سخت

القمر

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور حساس تنصیبات کے گرد سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔

ریڈ زون جانے والے تمام مرکزی اور ذیلی راستوں پر کنٹینر کھڑے کر کے آمدورفت محدود کر دی گئی ہے جبکہ سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل انتہائی سخت کر دیا گیا ہے، جہاں ناکوں پر شہریوں کے شناختی کارڈز کی جانچ پڑتال کے ساتھ گاڑیوں کی مکمل تلاشی لی جا رہی ہے۔

رینجرز کے دستے ریڈ زون کے داخلی مقامات پر مسلسل گشت کر رہے ہیں جبکہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موقع پر موجود رہ کر صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت موجودہ علاقائی اور ملکی سیکیورٹی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں افغانستان کی صورتحال، داخلی سیکیورٹی انتظامات اور خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران ایرانی صورتحال کے تناظر میں پاکستانی شہریوں کے انخلا کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ آذربائیجان کے راستے ایران میں موجود پاکستانیوں کی محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کر کے سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے