English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سابق امریکی ڈائریکٹر جو کینٹ کی عوام سے ایران میں زمینی فوجی کارروائی رکوانے کی اپیل

القمر

امریکا میں سکیورٹی حلقوں سے وابستہ ایک اہم شخصیت نے ایران کے حوالے سے ممکنہ فوجی حکمتِ عملی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے براہِ راست مداخلت کی اپیل کر دی ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق امریکی انسدادِ دہشتگردی مرکز کے سابق ڈائریکٹر جو کینٹ نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ ایران میں زمینی فوجی کارروائی کے نتائج نہایت سنگین ہو سکتے ہیں، اس لیے اس فیصلے کو ہر صورت روکنا ناگزیر ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے امریکی عوام پر زور دیا کہ وہ وائٹ ہاؤس اور کانگریس کے نمائندوں سے فوری رابطہ کریں اور ایران میں بری افواج بھیجنے کے کسی بھی اقدام کی مخالفت کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی دباؤ ہی اس ممکنہ فیصلے کو تبدیل کروا سکتا ہے، اسی مقصد کے تحت انہوں نے متعلقہ اداروں کے رابطہ نمبرز بھی جاری کیے تاکہ شہری براہِ راست اپنی آواز حکام تک پہنچا سکیں۔

جو کینٹ نے اپنے بیان میں خطے کی موجودہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مصر کے صدر عبدالفتح السیسی کا بھی یہی مؤقف سامنے آیا ہے کہ خلیجی خطے میں جاری کشیدگی کو ختم کرنے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، موجودہ حالات میں سفارتی کوششوں کو ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سابق ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ ایران میں زمینی کارروائی نہ صرف خطے کو ایک وسیع تر جنگ کی جانب دھکیل سکتی ہے بلکہ اس کے عالمی اثرات بھی مرتب ہوں گے، اس مرحلے پر عسکری مداخلت کے بجائے سیاسی اور سفارتی راستوں کو اختیار کرنا ہی دانشمندانہ حکمتِ عملی ہو سکتی ہے، تاکہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکا جا سکے۔

یاد رہے کہ 28 فروری کو اسرائیل اور امریکا کی جانب سے ایران پر مشترکہ حملوں کا آغاز کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور پاسداران انقلاب کے اعلیٰ کمانڈرز سمیت دو ہزار سے زائد شہری جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں بچوں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے۔ ان حملوں کے ردعمل میں ایران نے امریکا اور اسرائیل کو نشانہ بناتے ہوئے اسرائیل پر براہ راست حملے کیے جبکہ خلیجی ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر بھی ڈرون اور میزائل کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے