اسلام آباد:وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان امن اور علاقائی استحکام کے لیے پُرعزم ہے، کسی بھی جارحیت کی صورت میں ملک کا ردعمل تیز، متوازن اور فیصلہ کن ہوگا۔
بھارت کی جانب سے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے ایک سال مکمل ہونے پر بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا بیانیہ مایوسی اور بے چینی کی عکاسی کرتا ہے، یہ واقعہ عالمی سطح پر بھی ثابت نہ ہو سکا اور اس نے بھارت کی جانب سے خود ساختہ بحران پیدا کرنے کی حکمت عملی کو بے نقاب کر دیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت کی دھمکی آمیز زبان کوئی نئی بات نہیں بلکہ ایک متوقع رویہ ہے، بھارت اپنی اندرونی کمزوریوں کو چھپانے کے لیے بیرونی الزامات کا سہارا لیتا ہے اور گمراہ کن بیانیے کے ذریعے کشیدگی کو ہوا دیتا ہے تاکہ سیاسی مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ “معرکہ حق” آج بھی قوم کی یادوں میں زندہ ہے اور آئندہ پاکستان کا ردعمل مزید مضبوط اور فیصلہ کن ہوگا، پاکستان کی دفاعی تیاری مکمل ہے اور ملک ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے راج ناتھ سنگھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کا تصور بھی انتہائی خطرناک نتائج کا حامل ہو سکتا ہے، اس لیے بھارت کو چاہیے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور کشیدگی بڑھانے کے بجائے سفارتی راستہ اختیار کرے، خطے میں امن کے لیے سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں اور کسی بھی مہم جوئی کے نتائج نہایت سنگین ہو سکتے ہیں۔
