English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کا معاشی قتل عام ہے، صاحبزادہ وسیم حیدر

القمر

لاہور: ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ فیصلہ عوام کا معاشی قتل عام ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ کرایوں میں ہونے والا اضافہ طلبہ پر مزید اضافی بوجھ ڈالے گا جس کے نتیجے میں پہلے ہی معاشی مشکلات کا شکار طلبہ کی تعلیم متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام پر مزید ناقابلِ برداشت بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔

ناظم اعلیٰ نے کہا کہ ایک جانب عام آدمی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے، جبکہ دوسری جانب حکمرانوں اور افسر شاہی کے اخراجات اور مراعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اشرافیہ کی شاہانہ زندگی میں کوئی کمی نظر نہیں آتی، جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور حکمران طبقے کی غیر ضروری مراعات اور شاہانہ اخراجات کا خاتمہ کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

  • ویب ڈیسک
  • عادل سلطان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے