کراچی: مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان میں فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے، اور ملک بھر میں متعدد بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق آج ملک کے 5 بڑے بین الاقوامی ایئرپورٹس سے مشرق وسطیٰ کے مختلف شہروں کے لیے مجموعی طور پر 64 دوطرفہ پروازیں منسوخ ہوئیں، جن میں مختلف ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ متاثر کراچی ایئرپورٹ رہا جہاں ابوظہبی، کویت، جدہ، دمام، شارجہ، مدینہ، مسقط، ریاض، نجف، بحرین اور دبئی سمیت مختلف شہروں کے لیے 20 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ سے بھی 20 پروازیں متاثر ہوئیں جن میں شارجہ، ابوظہبی، دبئی، بحرین، ریاض، دمام اور دوحہ کے روٹس شامل ہیں۔ اسی طرح لاہور سے ابوظہبی اور دبئی کے لیے 6 پروازیں جبکہ پشاور سے 8 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ ملتان ایئرپورٹ سے بھی دبئی کے لیے 2 پروازیں متاثر ہوئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 35 دنوں کے دوران پاکستان سے مشرق وسطیٰ کے لیے منسوخ ہونے والی پروازوں کی مجموعی تعداد 2706 تک پہنچ چکی ہے، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
