اسلام آباد:وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے دنیا کی ایک بڑی جنگ رکوانے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں ملک کو عالمی سطح پر نمایاں پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اس پیش رفت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، پاکستان کو ایک بااعتماد ثالث کے طور پر نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا جا رہا ہےاور عالمی طاقتیں بھی پاکستان کی جانب متوجہ ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز تک خطے میں جنگ کے گہرے بادل چھائے ہوئے تھے، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیرِاعظم شہباز شریف کی کوششوں کے باعث جنگ بندی ممکن ہوئی، اس کامیابی کے بعد پاکستان سیاسی طور پر ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، جہاں استحکام کے ساتھ معیشت پر بھی بھرپور توجہ دی جا سکے گی۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ سول اور عسکری قیادت پر مشتمل مشترکہ حکمت عملی نے گزشتہ چند برسوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ قومی ادارے مل کر کام کریں تو پاکستان عالمی سطح پر اہم کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے۔
انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قیادت اس صورتحال میں ناکام ہو چکی ہے اور اب اپنی ساکھ بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ بھارتی میڈیا اس پیش رفت پر پریشان دکھائی دے رہا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ قوم داخلی چیلنجز پر توجہ دے، جن میں معیشت کی بہتری اور دہشت گردی کا خاتمہ شامل ہیں،پاکستان نے طویل عرصے تک میزبانی کی، لہٰذا توقع ہے کہ اس کا لحاظ رکھا جائے، بصورت دیگر پاکستان کے پاس محدود آپشنز رہ جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ پیش رفت نے یہ واضح کر دیا ہے کہ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک مؤثر اور ذمہ دار کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔