کوئٹہ: بلوچستان میں سرکاری وسائل کے استعمال سے متعلق ایک بڑے انکشاف میں ہزاروں گاڑیوں کا ریکارڈ دستیاب نہ ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق محکمہ ایکسائز کی جانب سے وزیراعلیٰ کو پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری ڈیٹابیس میں مجموعی طور پر 14 ہزار 304 گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں، تاہم تصدیقی عمل کے دوران 3 ہزار 762 گاڑیوں کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہو سکی، جو ایک بڑا انتظامی خلا ظاہر کرتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ زراعت کی 1142 گاڑیاں ریکارڈ سے غائب ہیں جبکہ پولیس کی 443 اور لوکل گورنمنٹ کی 171 گاڑیوں کی بھی تصدیق ممکن نہیں ہو سکی، اس کے علاوہ مختلف محکموں میں بھی ایسی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں جو حکومتی نگرانی کے نظام کو کمزور ظاہر کرتی ہیں۔
مزید تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں محکمہ صحت کی 168 اور محکمہ تعلیم کی 131 گاڑیوں کا سراغ نہیں ملا، جبکہ محکمہ نظم و نسق اور منصوبہ بندی و ترقیاتی کی بھی 113، 113 گاڑیوں کی معلومات دستیاب نہیں، اسی طرح دیگر محکموں میں بھی درجنوں گاڑیاں ریکارڈ سے غائب پائی گئی ہیں۔
اس صورتحال پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو نہ صرف ان گاڑیوں کا سراغ لگائے گی بلکہ اس بات کا بھی جائزہ لے گی کہ یہ بے ضابطگیاں کیسے پیدا ہوئیں، تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
