English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جنگ بندی کے دوران ایران کی جانب سے کسی بھی ملک پر حملہ نہیں کیا گیا: ایرانی فوج

القمر

ایرانی فوج کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ابراہیم ذوالفقاری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کے دوران ایرانی افواج نے کسی بھی ملک کے خلاف کوئی عسکری کارروائی نہیں کی۔

ایرانی فوج کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے واضح کیا کہ اگر کسی جانب سے کسی ملک پر حملے کی اطلاع سامنے آتی ہے تو اسے ایرانی افواج سے جوڑنا درست نہیں، اس نوعیت کی کارروائیاں دراصل اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی سازشوں کا نتیجہ ہو سکتی ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ایرانی افواج جب بھی کسی کارروائی کا فیصلہ کریں گی تو اس کا باقاعدہ اور واضح اعلان کیا جائے گا اور کسی بھی خفیہ یا غیر اعلانیہ اقدام کی گنجائش موجود نہیں۔ موجودہ حالات میں پھیلائی جانے والی مختلف خبروں کو محتاط انداز میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب امریکی سینٹ کام کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگ بندی کے معاہدے کے تحت ایران کے خلاف تمام عسکری کارروائیاں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں، حالیہ کشیدگی کے دوران امریکی اور اتحادی افواج نے ایران کی بحری صلاحیت، فضائی دفاعی نظام اور ڈرون آپریشنز کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کے باعث ایران کو عسکری میدان میں نمایاں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

امریکی سینٹ کام کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس دوران ایران کے اندر تقریباً 13 ہزار فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جسے وہ اپنی عسکری حکمت عملی کی کامیابی قرار دیتے ہیں۔ تاہم بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ امریکہ کی افواج اب بھی مشرق وسطیٰ میں موجود ہیں، مکمل طور پر الرٹ ہیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ اپنے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا اور خطے میں استحکام کے لیے اپنی حکمت عملی کو برقرار رکھے گا۔ اس تمام صورت حال میں دونوں فریقین کے متضاد دعوے خطے میں جاری کشیدگی اور اعتماد کے بحران کو مزید واضح کر رہے ہیں، جبکہ آزاد ذرائع سے ان دعوؤں کی تصدیق فی الحال ممکن نہیں ہو سکی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان تقریباً 40 دن تک جاری رہنے والی کشیدگی اور عسکری کارروائیوں کے بعد دو ہفتوں پر مشتمل عارضی جنگ بندی پر اتفاق ہوا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے