English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا سے مذاکرات میں’اسرائیل نواز‘ نمائندوں کا سامنا ہوا تو معاہدہ نہیں ہوگا، ایرانی نائب صدر

القمر

تہران: ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے ملک کی مذاکراتی ٹیم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ امریکی حکام کے ساتھ بات چیت میں اپنی ٹیم کی کامیابی کے لیے پرعزم ہیں اور ان کی حمایت کر رہے ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق انہوں نے کہا کہ جس طرح ماضی میں ایران کے بہادر فوجی جنگ کے محاذوں پر ثابت قدم رہے، آج اسی جذبے کے ساتھ قوم اپنی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کاروں کو قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل اختیار دیا جانا چاہیے اور ایران نے ایسا ہی کیا ہے۔

ایرانی نائب صدر نے مزید کہا کہ اگر امریکی حکومت کے نمائندے حقیقت پسندانہ رویہ اپنائیں تو دونوں ممالک کے درمیان ایک ایسا معاہدہ طے پا سکتا ہے جو پوری دنیا اور خطے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل پر زور دیا ہے۔

تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مذاکرات کی میز پر اسرائیل کے مفادات کو ترجیح دینے والے نمائندے موجود ہوئے تو ایران کسی قسم کا معاہدہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اسرائیل نواز عناصر کے ساتھ بات چیت کرنا ایرانی خارجہ پالیسی کے اصولوں کے یکسر خلاف ہے۔

محمد رضا عارف نے کہا کہ ایران اپنے دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھے گا اور کسی بھی دباؤ کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔ ملکی سلامتی ایران کی اولین ترجیح ہے اور اس پر کسی بھی صورت میں کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، چاہے حالات کتنے ہی پیچیدہ کیوں نہ ہو جائیں۔

ایرانی نائب صدر نے مذاکراتی ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ انتہائی ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھیں اور قومی وقار کو مقدم رکھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے