English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران امریکا مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ، پاکستان کی سفارتی کوششیں تیز

القمر

اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا ابتدائی مرحلہ کسی باضابطہ معاہدے کے بغیر ختم ہوگیا، تاہم پاکستان نے دونوں فریقین کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے اپنی سفارتی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق اگرچہ دونوں جانب کے حکام نے اپنے اپنے مؤقف کا اظہار کیا، مگر پہلے دور میں کوئی بڑی پیش رفت نہ ہو سکی، اس کے باوجود پاکستانی حکام آئندہ رابطوں کے حوالے سے محتاط امید برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

ایک سینئر ذریعے نے بتایا کہ پاکستان مسلسل واشنگٹن اور تہران کے ساتھ رابطے میں ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ جلد از جلد مذاکرات کا دوسرا دور شروع کیا جائے تاکہ کشیدگی میں مزید اضافہ نہ ہو۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم ہدف یہ ہے کہ موجودہ جنگ بندی، جو متوقع طور پر 22 اپریل کو ختم ہو رہی ہے، اس سے پہلے کسی قابلِ عمل مفاہمت تک پہنچا جائے تاکہ خطے کو دوبارہ تصادم سے بچایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق ان سفارتی کوششوں کو وزیراعظم کی براہ راست ہدایات حاصل ہیں، جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اس عمل میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں اور دونوں رہنما مسلسل رابطوں اور مشاورت کے ذریعے پیش رفت کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

حکام کو امید ہے کہ محدود وقت کے باوجود معاملات میں تیزی آ سکتی ہے اور فریقین کسی نہ کسی سفارتی حل کی جانب بڑھ سکتے ہیں، جبکہ پاکستان کی فعال ثالثی خطے میں امن کے قیام کیلئے اس کے سنجیدہ کردار کی عکاسی کر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے