اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے، جسے دونوں شخصیات کی جانب سے خوشگوار اور مثبت قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان شاہد آفریدی کے گھر پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف امور پر غیر رسمی اور دوستانہ ماحول میں گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے دوران ملکی صورتحال اور عمومی سماجی موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مولانا فضل الرحمن کا ان کے گھر تشریف لانا ان کے لیے باعثِ مسرت اور اعزاز ہے، اس موقع پر مولانا کے ساتھ نہایت خوشگوار اور بامعنی گفتگو ہوئی۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ وہ اس خوبصورت ملاقات پر مولانا فضل الرحمان کے بے حد مشکور ہیں۔ ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے بھی مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں اور اسے ایک مثبت اور خوشگوار ملاقات قرار دیا جا رہا ہے۔
