ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) کی جانب سے آبنائے ہرمز کے قریب امریکی بحری جہاز کو واپس مڑنے کی وارننگ کی ویڈیو جاری کیے جانے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ممکنہ ناکہ بندی کے اعلان کے بعد امریکی سینٹرل کمانڈ نے بھی اس حوالے سے سخت موقف اختیار کیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب آنے والے کسی بھی فوجی جہاز کو جنگ بندی کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا اور اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔
ایرانی حکام کے مطابق آبنائے ہرمز مکمل طور پر ان کے کنٹرول اور “اسمارٹ مینجمنٹ” میں ہے، جبکہ جاری کردہ ویڈیو میں مبینہ طور پر امریکی جہاز کے عملے کو وارننگ دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ اگر جہاز واپس نہ مڑا تو کارروائی کی جائے گی۔
ماہرین کے مطابق یہ صورتحال خطے میں توانائی کی سپلائی اور عالمی تجارتی راستوں کے لیے خطرناک حد تک حساس ہو چکی ہے، اور کسی بھی غلط قدم سے بڑا بحران جنم لے سکتا ہے۔
