پنجاب کے مختلف شہروں میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے خودکش بمبار سمیت 16 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق صوبے بھر میں مجموعی طور پر 113 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران خوشاب، میانوالی، راولپنڈی، جھنگ، بھکر، لاہور، فیصل آباد، چکوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد اور گوجرانوالہ میں کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
ترجمان کے مطابق جھنگ سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا خطرناک خودکش بمبار غازی مرجان خودکش جیکٹ اور دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کیا گیا، جبکہ سرگودھا سے حساس اداروں پر حملے میں ملوث دہشت گرد ملے خان کو بھی حراست میں لیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد پولیس چوکیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے، تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے عزائم ناکام بنا دیے گئے۔
