ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

آئی ایم ایف سے 1.3 ارب ڈالر کی قسط جلد ملنے کی توقع

واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی ادارے عالمی مالیاتی فنڈ سے قرض پروگرام کی نئی قسط کی جلد منظوری کی نوید سناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو تقریباً 1.3 ارب ڈالر جلد موصول ہونے کی توقع ہے جبکہ موجودہ پروگرام میں کسی اضافے یا تبدیلی کی فوری ضرورت نہیں۔

عالمی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ فی الحال پاکستان کی معاشی صورتحال مستحکم ہے،  اگر کسی مرحلے پر کمزوری پیدا ہوئی تو آئی ایم ایف سے مزید معاونت کے لیے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بیرونی قرضوں کی بروقت ادائیگی اور مالی استحکام برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان فنڈنگ کے تمام ممکنہ ذرائع پر غور کر رہا ہے، جن میں یورو بانڈ، سکوک اور کمرشل قرضے شامل ہیں، اس وقت زرمبادلہ کے ذخائر تقریباً 2.8 ماہ کی درآمدات کے برابر ہیں جبکہ حکومت مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان پہلی بار 25 کروڑ ڈالر کا پانڈا بانڈ جاری کرنے جا رہا ہے، جبکہ اس پروگرام کا مجموعی حجم ایک ارب ڈالر تک ہوگا۔ اس اقدام میں ایشین ترقیاتی بینک اور ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی معاونت حاصل ہوگی۔ رواں مالی سال ترسیلات زر 41.5 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے جبکہ شرح نمو تقریباً 4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

وزیر خزانہ نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستان کی معیشت پر دباؤ بڑھا ہے، حکومت اسٹریٹجک پیٹرولیم ذخائر قائم کرنے پر غور کر رہی ہے جبکہ ایل پی جی اور دیگر ایندھن کے ذخائر بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قابلِ تجدید توانائی کی جانب تیزی سے منتقلی کا عندیہ بھی دیا گیا۔

دورۂ امریکا کے دوران محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جہاد اظہور، پاکستان کے لیے آئی ایم ایف مشن ٹیم، امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی انڈر سیکریٹری، سعودی فنڈ برائے ترقی کے سی ای او اور ماسٹر کارڈ کے چیف گلوبل افیئرز سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقعوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں