اسلام آباد: ملک بھر میں ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافے کے بعد بجلی کے شارٹ فال میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے اور اب یہ فرق 3 ہزار میگاواٹ تک محدود رہ گیا ہے۔
حکام کے مطابق موسم میں بہتری کے باعث بجلی کی مجموعی طلب میں بھی نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔
ارسا کی جانب سے صوبوں کی زرعی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پانی کے اخراج میں اضافہ کیا گیا ہے۔ تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج 8 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار کیوسک جبکہ منگلا ڈیم سے 15 ہزار کیوسک کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے پن بجلی کی پیداوار میں بہتری آئی ہے۔
پانی کی فراہمی بڑھنے سے سندھ کا حصہ 50 ہزار کیوسک اور پنجاب کا حصہ 43 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔ آنے والے دنوں میں پانی کے اخراج میں مزید اضافے کا امکان ہے، جس سے ملک میں بجلی کی پیداواری صلاحیت کو مزید تقویت ملنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
موجودہ اعداد و شمار کے مطابق پن بجلی گھروں سے 3 ہزار 400 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ تھرمل پاور پلانٹس 8 ہزار، نیوکلیر پاور پلانٹس 2 ہزار 880، ونڈ پاور پلانٹس 1300 اور سولر ذرائع سے 350 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی جا رہی ہے۔
ملک میں بجلی کی کل پیداوار 16 ہزار 10 میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی کل طلب 19 ہزار میگاواٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ شارٹ فال میں کمی کے بعد اب اسلام آباد ریجن میں لوڈ شیڈنگ مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے، جس سے بجلی صارفین نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
حکام کے مطابق بجلی کی صورتحال میں بہتری ایک خوش آئند پیش رفت ہے، جس سے صنعتی اور گھریلو صارفین کو ریلیف ملا ہے۔ اگر پانی کے اخراج کا یہی سلسلہ برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں بجلی کے شعبے میں مزید بہتری لانے کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔