English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ:جماعت اسلامی کا نیپرا حکام کیخلاف توہین عدالت کا مقدمہ

القمر

کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے نیپرا حکام کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے۔

انہوں نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے واضح احکامات کے باوجود لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے جو توہینِ عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو بجلی کی فراہمی میں کے الیکٹرک مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ گزشتہ 22 برسوں میں ادارے کو ایک ہزار ارب روپے سے زائد کی سبسڈی دی گئی، مگر شہر کو اندھیروں میں رکھنے کا عمل نہیں رکا، جو سراسر عوام کے ساتھ ظلم ہے۔

منعم ظفر نے کہا کہ شہر میں صارفین کی تعداد 18 لاکھ سے بڑھ کر 40 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، لیکن بجلی کی پیداوار بڑھانے کے بجائے ادارہ شہریوں کی جیبوں پر ڈاکا ڈال رہا ہے۔ کئی علاقوں میں 12 سے 18 گھنٹے تک طویل لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی ایک علاقے میں چند افراد کی بجلی چوری کی سزا پوری آبادی کو دینا غیر منصفانہ ہے۔ کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے بلوں میں بھاری ٹیکسز کی وصولی اور پیٹرول لیوی کا بوجھ ڈالنا کراچی کے عوام پر ناقابلِ برداشت بوجھ ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ امتحانی مراکز پر بھی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جس سے طلبا اور والدین شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔ کراچی کی صنعتیں بجلی کی عدم دستیابی سے تباہی کے دہانے پر ہیں، جس کے نتیجے میں شہر میں بے روزگاری میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے۔

منعم ظفر نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کے گزشتہ 22 سال کے ریکارڈ کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کے الیکٹرک نے فوری طور پر اپنا رویہ نہ بدلا اور بلا تعطل بجلی فراہم نہ کی تو جماعت اسلامی ہر فورم کے ساتھ سڑکوں پر بھی احتجاج کرے گی۔

انہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ جہاں جماعت اسلامی کے پاس ٹاؤنز کا انتظام ہے وہاں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ ہم کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے ہر محاذ پر آواز اٹھاتے رہیں گے اور ظلم کے اس نظام کے خلاف اپنی جدوجہد ہر صورت جاری رکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے