لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل ہوشربا اضافہ عوام پر ظلم ہے۔
حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 15 ، 15 روپے فی لیٹر اضافے کے فیصلے پر حافظ نعیم الرحمان نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام دشمن اقدام قرار دیا ہے۔ انہوں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکمران مسلسل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر اسے اپنی آمدنی کا ذریعہ بنائے ہوئے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے باوجود مقامی سطح پر نرخوں میں اضافہ کرنا عوام کے ساتھ سراسر زیادتی اور ایک بہت بڑا معاشی ظلم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عالمی مارکیٹ کا بہانہ بنا کر عوام سے بھاری لیوی وصول کر رہی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ لیوی کا پیٹرولیم کی قیمتوں کے تعین سے کوئی تعلق نہیں ہے، جبکہ اس وقت بھی فی لیٹر قیمت پر ڈیڑھ سو روپے سے زائد ٹیکسز وصول کیے جا رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اس ظالمانہ اقدام کا سب سے زیادہ اثر غریب اور متوسط طبقے پر پڑ رہا ہے۔ طالب علم، دیہاڑی دار مزدور اور موٹر سائیکل سوار شہری حکومتی ٹیکسوں کا بھاری بوجھ اٹھانے پر مجبور ہیں، جس سے ان کی قوت خرید مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں جبکہ دوسری طرف حکمران طبقے کی شاہ خرچیاں اور مراعات بدستور جاری ہیں۔ اربوں روپے مالیت کے جہاز اور حکومتی شخصیات کا پروٹوکول ملکی معاشی صورتحال کے برعکس ایک انتہائی شرمناک اور دکھ دینے والا پہلو ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے خبردار کیا کہ یہ دہرا نظام اور عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے کا سلسلہ زیادہ عرصہ نہیں چل سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور پیٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسوں اور لیوی میں کمی کرے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے اور ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہو سکے۔
