English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان نے چین میں پہلا پانڈا بانڈ کامیابی سے جاری کر دیا

القمر

اسلام آباد: پاکستان نے چین کی مالیاتی منڈی میں اپنا پہلا  پانڈا بانڈ  کامیابی سے جاری کر دیا ہے، جس کے ذریعے ملک نے پہلی بار دنیا کی دوسری بڑی کیپٹل مارکیٹ تک رسائی حاصل کر لی۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان نے تین سالہ مدت کے لیے چینی کرنسی یوآن میں 1.75 ارب یوآن مالیت کے پانڈا بانڈز جاری کیے جبکہ سرمایہ کاروں کی جانب سے 8.8 ارب یوآن کی پیش کشیں موصول ہوئیں جو اصل رقم سے تقریباً 5 گنا زیادہ ہیں۔

حکام کے مطابق بانڈز میں غیر معمولی دلچسپی پاکستان کی معاشی اصلاحات، مالی استحکام اور عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا اظہار ہے۔ اس کامیاب اجرا کے نتیجے میں پاکستان کو تقریباً 25 کروڑ ڈالر کے بانڈز کے مقابلے میں ایک ارب 26 کروڑ ڈالر سے زائد کی پیش کشیں موصول ہوئیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سرمایہ کاروں کی مضبوط دلچسپی کے باعث پاکستان کو یہ سرمایہ صرف 2.5 فیصد کی کم شرح سود پر حاصل ہوا، جس سے چین کی بڑی مالیاتی منڈی کے دروازے پاکستان کے لیے کھل گئے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ اس پیش رفت سے دنیا بھر کے نئے سرمایہ کار پاکستان کی معیشت میں شامل ہو رہے ہیں جبکہ اس کامیابی سے عالمی سطح پر پاکستان کی معاشی ساکھ اور قرض واپس کرنے کی صلاحیت پر اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا کہ پاکستان اب معاشی بحرانوں سے نکل کر استحکام اور طویل المدتی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، پانڈا بانڈ کا کامیاب اجرا ایک نئے دور کا آغاز ہے جس میں پاکستان عالمی مالیاتی منڈیوں میں ایک قابلِ اعتماد ملک کے طور پر سامنے آیا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے