کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم دن حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی بے مثال قربانی کی یاد تازہ کرتا ہے، جو اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کا درس دیتا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عیدالاضحیٰ صرف ایک مذہبی تہوار نہیں بلکہ امت مسلمہ کے لیے ایثار، اخوت، اتحاد اور اجتماعی شعور کو بیدار کرنے کا اہم موقع بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں مسلمان دنیا بھر میں شدید چیلنجز اور آزمائشوں سے گزر رہے ہیں، اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ امت مسلمہ باہمی اختلافات سے بالاتر ہوکر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔
انہوں نے فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں خصوصاً غزہ کے نہتے بچوں، خواتین اور مزاحمت کاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری امت مسلمہ ان کی قربانیوں اور استقامت کو سلام پیش کرتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کے مطابق فلسطین اور کشمیر کے عوام کی جدوجہد دراصل پوری مسلم دنیا کے ضمیر کا امتحان ہے اور مسلمانوں کو ان کے ساتھ ہر سطح پر یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے صاحبِ حیثیت افراد پر زور دیا کہ وہ عید کے موقع پر غریبوں، یتیموں، مزدوروں اور مستحق خاندانوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں تاکہ قربانی کا حقیقی فلسفہ عملی طور پر معاشرے میں نمایاں ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام معاشرتی انصاف، ہمدردی اور اجتماعی فلاح کا درس دیتا ہے اور عیدالاضحیٰ انہی اقدار کو زندہ کرنے کا بہترین موقع ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے اپنے پیغام کے اختتام پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام، ترقی اور حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنائے۔
