English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آزاد کشمیر میں انتخابات سبوتاژ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، طارق فضل چوہدری

القمر

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم حکومت کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے اور عوام کے جان و مال کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔

اسلام آباد میں سیاسی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت پاکستان نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے معاہدے پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ایک نگران کمیٹی بھی تشکیل دی تھی، جس نے اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کے باوجود جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے حالات کو خراب کرنے اور سیاسی ماحول میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی نشستوں کے خاتمے کے مطالبے کے حوالے سے عدالت بھی واضح فیصلہ دے چکی ہے کہ یہ آئینی نشستیں ہیں اور انہیں قانون سازی کے بغیر ختم نہیں کیا جا سکتا۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ٹنلز، شاہراہوں اور دیگر بڑے ترقیاتی منصوبے چند دنوں یا چند ہفتوں میں مکمل نہیں ہو سکتے۔ حکومت ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مقامی افراد کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر چند ماہ بعد احتجاج اور ہڑتالوں کا سلسلہ عوامی مفاد میں نہیں ہے۔ ریاستی اداروں کو کمزور کرنے یا عوامی زندگی مفلوج کرنے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے اور معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی ، کشمیر اور پاکستان کے درمیان مضبوط تاریخی، مذہبی اور قومی رشتے موجود ہیں اور ان تعلقات کو کمزور کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اصل بیانیے اور مقاصد کے بارے میں عوام کو واضح معلومات نہیں ہیں، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف آج پہلے سے زیادہ مضبوط اور مؤثر ہے۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ حکومتی کمیٹی نے نیک نیتی کے ساتھ جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کیے اور معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی کوشش کی،حکومت پاکستان عالمی سطح پر کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے مسلسل آواز بلند کر رہی ہے اور اس جدوجہد میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے