کراچی: سندھ پولیس نے سیف سٹی منصوبے کے تحت شہر بھر میں 40 ہزار گاڑیوں کو بلیک لسٹ کر دیا ہے، جبکہ ان کے خلاف کارروائی کا آغاز یکم جولائی سے کیا جائے گا۔
پولیس حکام کے مطابق بلیک لسٹ کی جانے والی گاڑیوں میں وہ گاڑیاں بھی شامل ہیں جو فروخت ہونے کے باوجود تاحال نئے مالکان کے نام منتقل نہیں کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جن گاڑیوں کے مالکان کا ریکارڈ نامکمل ہے یا جن کے ذمے سرکاری واجبات بقایا ہیں، انہیں بھی بلیک لسٹ فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
سندھ پولیس کے مطابق بلیک لسٹ گاڑیوں کی فہرست مکمل کر لی گئی ہے اور یکم جولائی کے بعد ایسی گاڑیوں کو ضبط کرنے سمیت ان کے مالکان پر جرمانے بھی عائد کیے جا سکتے ہیں۔
پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر متعلقہ پورٹل پر اپنی گاڑیوں کا ریکارڈ چیک کریں اور اگر ان کی گاڑی بلیک لسٹ فہرست میں شامل ہے تو یکم جولائی سے قبل ملکیت کی منتقلی اور دیگر ضروری قانونی تقاضے مکمل کر لیں۔
